سندھ (سچ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سندھ حکومت پر تنقید کے بعد مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری جب بات کرتے ہیں تو لگتا ہے جیسے کامیڈی شو چل رہا ہو۔
ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دوستوں کو سمجھنا چاہیے کہ وہ کنٹینر پر نہیں کھڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہر معاملے پر یوٹرن لیا، وفاقی حکومت کو پاکستان کے امور کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام با شعور ہے اور انہوں نے ہماری کارکردگی کو دیکھتے ہوئے دوبارہ منتخب کیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کراچی کے دورے پر ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سندھ کی عوام پیپلز پارٹی سے مطمئن نہیں، پہلے سندھ کی عوام کے پاس کوئی متبادل سیاسی طاقت نہیں تھی لیکن اب اب پی ٹی آئی موجود ہے۔
ایک موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ کبھی فالودہ اور کبھی رکشہ والے کے پاس سے اربوں روپے نکل آتے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کتنے دن تک رہے گی دیکھتے ہیں۔
ان کے اس بیان پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس جن لوگوں کے نکلتے ہیں ان کے خلاف کڑی سے کڑی کارروائی کرلیں، تحقیقات کے بعد یہ ان ہی کے آس پاس کے لوگ نظر آئیں گے۔
اسی حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی فیصلہ کرلیں تو وفاقی حکومت 2 دن بھی نہیں چل سکتی۔