فیصل آباد: (سچ نیوز ) فیصل آباد میں تھیلیسیمیا اور ہڈیوں کی پُراسرار بیماری میں مبتلا تین بہن بھائیوں کو مسیحا مل گیا۔ دنیا نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی بیت المال نے تینوں بہن بھائیوں کے علاج معالجہ کا بیڑا اُٹھالیا۔
فیصل آباد کے علاقہ جھمرہ روڈ پر واقع محلہ بھائی ولا کے رہائشی تھیلیسیمیا اور ہڈیوں کی پُراسرار بیماری میں مبتلا تین بہن بھائیوں کی بیماری کی خبر دنیا نیوز پر نشر ہوئی تو ایم ڈی بیت المال عون عباس نے تینوں بہن بھائیوں کے علاج معالجہ کیلئے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کر دیا۔ بیت المال کی ٹیم متاثرہ خاندان کے گھر پیر کے روز دورہ بھی کرے گی۔
غربت کی چکی میں پستے والدین کو بچوں کے علاج کی اُمید نظر آئی تو انکے چہرے بھی خوشی سے کِھل اُٹھے۔ ایم ڈی بیت المال کا کہنا ہے کہ تینوں بہن بھائیوں کے علاج معالجہ کروانے کے ساتھ ساتھ انکی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔