ٹورنٹو(سچ نیوز)ماڈلنگ کا نام سنتے ہی ذہن میں چمک دمک، خوبصورتی و دلکشی اور سٹائل و نزاکت جیسی چیزوں کا تصور ابھرتا ہے کیونکہ ہمیں سکرین پر ماڈلنگ کچھ ایسی ہی دکھائی دیتی ہے، مگر کیا پردے کے پیچھے بھی صورتحال اتنی ہی سہانی ہوتی ہے؟ ایک مشہور اور کامیاب ماڈل کا کہنا ہے کہ ایسا بالکل نہیں ہے، بلکہ ماڈلنگ کے شعبے میں ایسی ایسی مشکلات ہیں کہ جن کا سامنا کرنے کی بجائے ماڈلنگ چھوڑ دینا کہیں زیادہ آسان ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 20 سالہ انیکا بورون ایک انسٹاگرام سٹار ہیں جن کے فالورز کی تعداد 1 لاکھ 61ہزار سے زائد ہے۔ سوشل میڈیا پر مقبولیت اختیار کرنے سے قبل وہ ٹورنٹو میں ایک ٹین ایج ماڈل کے طور پر کام کررہی تھیں۔ انیکا کا کہنا ہے کہ ان کی عمر 16 سالہ تھی اور پہلے ہی بہت دبلی پتلی تھیں لیکن انہیں اس بات سے شدید صدمہ پہنچا کہ ماڈلنگ ایجنسی نے ان سے وزن مزید کم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہیں بتایا گیا کہ وزن مزید کم کیے بغیر وہ اپنے کیریئر میں آگے نہیں بڑھ سکتیں۔ انیکا کہتی ہیں کہ ’’میرا وزن صرف 109 پاؤنڈ، یعنی تقریباً ساڑھے انچاس کلوگرام تھا، لیکن میلان سے تعلق رکھنے والی فیشن ایجنسی میں کوئی مجھ سے کہہ رہا تھا کہ ’ تمہارا وزن بہت زیادہ ہے ۔ اسے ہر صورت کم کرنا ہوگا۔‘ میں نے بہتر سمجھا کہ یہ کام ہی چھوڑ دوں۔‘‘ انیکا نے یہ حیران کن تفصیلات یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی 16 منٹ کی ویڈیو میں بیان کی ہیں جسے اب تک ہزاروں بار دیکھا جا چکا ہے۔