بیجنگ(سچ نیوز) خالق کائنات کسی کو بیٹے کی نعمت دے یا بیٹی کی صورت میں اپنی رحمت سے نواز دے، یہ اس کی مرضی ہے، مگر افسوس کہ کچھ بدبخت قدرت کے فیصلوں کے خلاف کھڑے ہونے جیسی جسارت سے بھی نہیں ہچکچاتے۔ چین میں ایک ایسے ہی سفاک شخص نے نومولود بیٹی کو پہاڑی سے نیچے پھینک دیا، کیونکہ وہ بیٹا چاہتا تھا۔میل آن لائن کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ گوانگ زو صوبے کے شہر زوہائی میں پیش آیا۔ دیہاتی علاقے سے تعلق رکھنے والے بدبخت باپ نے نومولود بیٹی کو پلاسٹک کے ایک تھیلے میں ڈال کر پہاڑی سے نیچے پھینک دیا، مگر قدرت کو اس بچی کی زندگی منظور تھی۔ سو فٹ کی بلندی سے پھینکے جانے کے باوجود اس کا نازک بدن محفوظ رہا۔
گوانگ زو ٹی وی کے مطابق بچی کے لاپتہ ہونے پر پولیس کو خبر کی گئی جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے اس کی تلاش شروع کر دی۔ پہاڑی کی چوٹی سے 100 فٹ کی گہرائی میں ریسکیو اہلکاروں کو ایک مدھم سی آواز سنائی دی، اور جب غور سے دیکھا تو یہ آواز ایک گھنے درخت کی شاخوں میں لٹکے نیلے رنگ کے تھیلے سے آ رہی تھی۔ جب اس تھیلے کو اتارا گیا تو ننھی بچی کو اس کے اندر دیکھ کر ریسکیو اہلکار بھی قدرت کے اس کرشمے پر حیرت زدہ رہ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تھیلا گھنوں درختوں میں گرا اور شاخوں میں اٹک گیا جس کے باعث بچی کی زندگی بچ گئی۔ اسے محض چند خراشیں آئی ہیں اور ہسپتال میں اس کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ دریں اثناءاس کے درندہ صفت باپ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔