اسلام آباد (سچ نیوز)مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہٰی نے کہاہے کہ عمران خان نے ماضی میں میری تعریف بھی کی تھی کیونکہ افتخار محمد چودھری کے جلوس کے دوران ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا تھا،ملک کی خاطر عمران خان کے کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر چلیں گے ۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہاہے کہ میں پنجاب میں سپیکر کے لئے تحریک انصاف کانامزد امیدوار ہوں۔ ہم نے بندے کبھی توڑے نہیں بلکہ ان کو ساتھ ملایا ہے لیکن شریفوں کے خوف کی وجہ سے ان کے ساتھ کوئی بندہ زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتا لیکن اب ان کی آمریت ٹوٹ گئی ہے ۔ یہ مکافات عمل ہے ۔ اب خوف نام کی کوئی چیزنہیں ہے ۔ لوگ جب آزاد ہونگے تو فیصلے کرنے کی بہترپوزیشن میں ہونگے ۔ ہم اپوزیشن کو بھی بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کریں گے کیونکہ اپوزیشن ایوان کا حصہ ہے ۔پاکستان مسلم لیگ ایک رجسٹرڈ جماعت ہے اور اس پر ہی ہم نے الیکشن لڑا ہے ۔ عمران خان نے ماضی میں میری تعریف بھی کی ہے کیونکہ افتخار چودھری کے جلوس کی اسلام آباد سے لاہور آمد کے موقع پر ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا تھا ۔تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ اتحاد دیرپا ثابت ہو۔ہم سب کو کہہ رہے ہیں کہ اب ہم ملک کی خاطر عمران خان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر چلیں گے ۔نیب میں پیشی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ نیب کے نوٹس کا جواب ہم پہلے بھی دے چکے ہیں ۔ ہم نیب کو مطمن کریں گے اور کررہے ہیں اور جو وہ مانگتے ہیں ہم دے رہے ہیں۔