لاہور ( سچ نیوز) پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان نے گوگل اور فیس بک ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق ماہرہ خان شوکت خانم ہسپتال برائے کینسر کی سفیر ہیں اور مختلف تقاریب میں اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتال کیلئے فنڈز جمع کرنے کی خدمات بھی انجام دیتی ہیں۔اداکارہ اس وقت امریکہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کی سفیر کی حیثیت سے فیس بک ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر لی گئی تصاویر انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں سے بھی شیئر کیں۔تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے شوکت خانم ہسپتال، فیس بک اور گوگل کا بھی شکریہ ادا کیا جو کافی عرصے سے لوگوں میں آگاہی اور شعور بیدار کر رہے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔دوسری جانب فیس بک اور گوگل ہیڈ کوارٹر میں ماہرہ خان نے انٹرویو بھی دیا۔واضح رہے کہ ماہرہ خان پاکستان کی پہلی اداکارہ ہیں جنہیں فیس بک اور گوگل ہیڈکوارٹر کا دورہ کرنے کا موقع ملا ہے۔