ڈبلن(سچ نیوز) آئرلینڈ کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ سینیڈ او کونر نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سینیڈا او کونر (Sinead O’Connor)، جس نے اب اپنا نام شہداءڈیویٹ (Shuhada Davitt)رکھ لیا ہے، کا کہنا ہے کہ مجھے اسلام قبول کرنے پر فخر ہے۔ وہ 1990ءکی دہائی میں ایک کیتھولک فرقے میں پادری کے عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے مسلمان ہونے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا اور ساتھ ہی اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے حجاب پہن رکھا ہوتا ہے۔شہداءڈیویٹ کا کہنا ہے کہ ”کسی بھی مذہب کے عقل رکھنے والے عالم کے سفر کا یہ فطری انجام ہے۔ ہم جس مذہب کی مقدس کتابیں بھی پڑھیں وہ اسلام کی طرف رہنمائی کرتی ہیں، جس سے باقی تمام مذاہب کی کتابوں کی حیثیت ثانوی ہو جاتی ہے۔ مجھے نیا نام بھی دیا گیا ہے۔ آج سے میں شہداءہوں۔ میں نے آج زندگی میں پہلی بار حجاب پہنا ہے۔ یہ پہلا حجاب مجھے میری ایک دوست ایلین نے تحفے میں دیا۔ جب میں نے یہ حجاب پہنا تو میرے پورے بدن میں لرزش کی ایک لہر دوڑ گئی اور مجھے ایک روحانی سکون مل گیا۔“ واضح رہے کہ شہداءڈیویٹ نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں وہ اذان پڑھ رہی ہوتی ہیں۔