اسلام آباد ( سچ نیوز ) پاکستان میں 2 سال تک بطور امریکی سفیر خدمات سرانجام دینے والے پال ڈبلیو جونسن اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے، ان کی گہ اینجلا ایگلر پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر ہوں گی۔ پال ڈبلیو جونسن نے اپنے الوداعی پیغام میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کے دوست ہیں اور یہاں کے پرجوش لوگوں نے جس طرح انہیں خوش آمدید کہا اس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔پاکستان میں 2 سال تک تعینات رہنے والے امریکہ کے سفیر پال ڈبلیو جونسن نے اپنے الوداعی پیغام میں کہا کہ خود مختار پاکستان کے قابل فخر شہریوں نے انہیں اور ان کی اہلیہ کیتھرائن کو انتہائی گرمجوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا اور اپنے گھروں کے دروازے ہم پر کھول دیے۔ گزشتہ 2 سالوں کے دوران ہمارے ملکوں کے درمیان پارٹنر شپ میں اضافہ ہوا اور ہم نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے مل کر کام کیا، ہم نے پہلے سے مضبوط تعلقات کو تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں تبدیل کیا اور ہم نے کورونا کی وبا سے مل کر جنگ لڑی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان تعلیم کے شعبے، خواتین کی خود مختاری کے حوالے سے تعلقات بہت ہی مثالی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم دونوں عظیم ملکوں کے لوگوں کی بھلائی کیلئے بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے امن، استحکام اور خوش رہنے کیلئے انسانی حقوق، میڈیا کی آزادی ، مذہبی آزادی اور سب کیلئے تحفظ جیسی اقدار کا احترام کرنا ہوگا۔انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی رخصتی کے بعد سینئر سفارتکار اینجلا ایگلر پاکستان میں امریکہ کی نمائندگی کریں گی۔ اینجلا ایگلر پاکستان میں 2013 سے 2015 تک پبلک افیئرز کی کونسلر رہ چکی ہیں، اس کے علاوہ وہ جنوبی اور وسطی ایشیا کیلئے نائب وزیر خارجہ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔