(سچ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، میں تینوں فارمیٹ میں کپتانی اور بحیثیت کھلاڑی بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہورہا ہوں۔
ڈان نیوز سے خصوصی انٹرویو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان پر کپتانی سے متعلق کوئی دباؤ نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں اپنی کپتانی سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے بھی مطمئن ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن خان کا کہنا تھا کہ ’سرفراز احمد پر سے دباؤ کم کرنے کے لیے ان سے ٹیسٹ کی کپتانی لے لی جائے تاکہ وہ کرکٹ کے اس طویل فارمیٹ میں اپنے کھیل پر توجہ دے سکیں‘۔
قومی ٹیم کے کپتان نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شاندار کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل 11 سیریز جیتنا آسان نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم اس کامیابی کا تمام سہرا ٹیم مینجمنٹ اور پوری ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے مسلسل محنت سے اس مقام کو حاصل کیا۔
سرفراز احمد نے شکوہ کیا کہ قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا شاید اس کو اس لحاظ سے پذیرائی نہیں مل سکی لیکن ٹیم نے سب کو اپنی کارکردگی سے متاثر ضرور کیا ہے۔
ایشیا کپ میں حالیہ ناکامی اور ون ڈے کرکٹ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ساتھ ون ڈے کرکٹ میں بھی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی لیکن ایشیا کپ کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی پھر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی کے بعد اب پوری توجہ ون ڈے فارمیٹ میں اچھی کارکردگی پر ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اس حوالے سے اہم موقع ہے۔
آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ کے حوالے سے قومی کپتان نے کہا کہ ’نیوزی لینڈکے خلاف ون ڈے سیریز ہمارے پاس بہترین موقع ہے اور پوری کوشش ہے کہ ورلڈ کپ کے حوالے سے بہترین ٹیم کمبی نیشن تیار کیا جائے جبکہ امید ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ہم بہترین پوزیشن میں ہوں گے اور ٹیم ایونٹ میں اچھے نتائج دے گی‘۔
فاسٹ باؤلر محمد عباس سے متعلق سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں عباس کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ورلڈ کلاس باؤلر بننے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
ون ڈے کرکٹ اور خصوصاً انگلینڈ میں ہونیوالے ورلڈ کپ میں عباس کی شمولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ محدود اووز کی کرکٹ میں پاکستان کے پاس فاسٹ باؤلنگ میں بہترین آپشنز موجود ہیں، اگر موقع ملا تو عباس کو ون ڈے کرکٹ میں بھی آزمایا جاسکتا ہے۔
کپتان سرفراز نے محمد حفیظ کی حالیہ کارکردگی پر انہیں سراہاتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے کہ حفیظ کو واپس اسکواڈ میں کون لایا لیکن اصل بات یہ ہے کہ محمد حفیظ نے اس موقع کا پورا فائدہ اٹھایا جبکہ ٹیم کو بھی ان کی مستقل کارکردگی سے فائدہ ہورہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ محمد حفیظ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور دعا ہے کہ اللہ محمد حفیظ کو نظرِ بد سے بچائے۔
سرفراز احمد نے نوجوان اور جارح مزاج بلے باز آصف علی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آصف کو اوپر کے نمبر پر اس لیے موقع دیا جارہا ہے تاکہ وہ سیٹ ہونے کے بعد کھل کر کھیل سکیں کیونکہ ان میں تیز رنز بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔