جکارتہ(سچ نیوز) انڈونیشیا میں مسافر ہوائی جہاز میں لفٹ لینے والے آف ڈیوٹی پائلٹ نے طیارے کو تباہی سے بال بال بچا لیا۔ بلومبرگ کے مطابق انڈونیشیاکی فضائی کمپنی ’لائن ایئر‘ کے ایک طیارے میں دوران پرواز سنگین نوعیت کی تکنیکی خرابی آ گئی جس سے طیارہ زمین کی طرف گرنا شروع ہو گیا۔ اس طیارے میں ایک آف ڈیوٹی پائلٹ بھی سفر کر رہا تھا جو آن ڈیوٹی پائلٹس کے ساتھ کاکٹ پٹ کی جمپ سیٹ پر بیٹھا تھا۔رپورٹ کے مطابق طیارہ اڑانے والے پائلٹس کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ فلائٹ کنٹرول سسٹم میں آنے والی خرابی کو فوری طور پر کیسے دور کیا جائے۔ یہ آف ڈیوٹی پائلٹ اس خرابی کو بھانپ گیا اور جہاز کے پائلٹس کو طریقہ بتایا جس سے وہ خرابی دور کرنے میں کامیاب ہو گئے اور طیارہ دوبارہ ٹھیک پرواز کرنے لگا۔ یوں اس آف ڈیوٹی پائلٹ نے جہاز کے عملے اور سینکڑوں مسافروں کی زندگیاں بچا لیں۔ واقعے کے متعلق تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اس طیارے کے فلائٹ کنٹرول سسٹم میں جو خرابی آئی وہ چند سال قبل انڈونیشیاکے ایک اور طیارے میں آنے والی خرابی سے مشابہہ تھی، جس کے باعث وہ طیارہ سمندر میں گر کر غرق ہو گیا تھا اور اس پر سوار تمام 189مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔