نئی دہلی(سچ نیوز)نوجوانوں کے معروف گیم ’پب جی‘ (PUBG)کی لت میں مبتلا ہونے کے باعث اب تک دنیا میں کئی افسوسناک واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ اب بھارت میں مسلسل 45روز تک یہ گیم کھیلنے کے باعث ایک 20سالہ لڑکے کی موت واقع ہونے کی المناک خبر آ گئی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ لڑکا بھارتی ریاست تلنگانہ کے قصبے جگتیال کا رہائشی تھا جو روزانہ طویل وقت کے لیے ’پب جی‘ کھیلتا رہتا۔آخر 45روز بعد اس کو گردن میں شدید درد شروع ہو گیا جس پر اسے حیدرآباد کے ایک ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ طویل عرصے تک گیم کھیلنے کے باعث اس کے گردن کے اردگرد موجود عصبی پٹھے بالکل ناکارہ ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ لڑکا چند دن تک ہسپتال میں زیرعلاج رہا اور گزشتہ روز دم توڑ گیا۔ اس گیم کے باعث بھارت میں ہی اس سے پہلے کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک طالب علم نے اپنے یونیورسٹی کے امتحان میں اکنامکس کے پیپر پر سوالوں کے جواب لکھنے کی بجائے یہ فقرہ لکھ دیا تھا کہ ”میں پب جی کھیلنے میں مصروف رہا، مجھے پڑھنے کا وقت ہی نہیں ملا۔ اس کے ساتھ اس نے پیپر پر پب جی گیم کھیلنے کا طریقہ بھی تحریر کیا۔“