پیرس( سچ نیوز )مسلمان ممالک کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ سے فرانس کی معیشت کو 100 ارب ڈالر تک کا نقصان ہوسکتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس ہر سال 100 ارب ڈالر کی مصنوعات مسلم ممالک کو برآمد کرتا ہے۔
نجی ٹی وی بول نیوز کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اسلام مخالف بیان اور گستاخانہ خاکوں کے بعد کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہے۔فرانسیسی اشیاءکے بائیکاٹ کا اعلان سب سے پہلے ترک صدر کی جانب سے کیا گیا تھا جس کے بعد اس وقت کویت، اردن اور قطر سمیت کئی ممالک کے سٹورز سے فرانسیسی مصنوعات کو ہٹا دیا گیا ہے۔
حال ہی میں ترک خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کی جانب سے ڈیٹا مرتب کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر تمام تر مسلم ممالک فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کردیں گے تو اس سے فرانس کی معیشت کو کتنا نقصان ہو سکتا ہے۔
مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق فرانس ہر سال 100 ارب ڈالر کی مصنوعات مسلم ممالک کو برآمد کرتا ہے، اس لیے اگر تمام مسلم ممالک میں فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا تو اس سے فرانس کی معیشت کو ایک سال میں ہی 100 ارب ڈالر کا نقصان پہنچ سکتا ہے۔