واشنگٹن(سچ نیوز ) صدر ڈونلڈٹرمپ نے اقتدار میں آتے ہی بیک جنبش قلم ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے سمیت اوباما حکومت کے کئی معاہدے ختم کر ڈالے تھے۔ جیسے کو تیسا کے مصداق اب ایسی ہی منصوبہ بندی نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کررکھی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق جوبائیڈن نے منصوبہ بندی کر رکھی ہے کہ وہ جیسے ہی وائٹ ہائوس میں داخل ہوں گے، کئی ایگزیکٹو آرڈرز جاری کریں گے، جن کے ذریعے صدر ٹرمپ کے کئی فیصلوں اور پالیسیوں کو ختم کر دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن ان ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعے صدر ٹرمپ کی طرف سے مسلمانوں پر لگائی گئی ویزے کی پابندیوں کو ختم کریں گے، ڈریمرز پروگرام کو دوبارہ شروع کریں گے، عالمی ادارہ صحت کو دوبارہ جوائن کریں گے اور پیرس کلائمیٹ معاہدے میں دوبارہ شامل ہو جائیں گے۔اس کے علاوہ ہیلتھ کیئر اور گن (Gun)کنٹرول سمیت صدر ٹرمپ کی کئی ایسی پالیسیاں ہوں گی جن کو وہ ریورس کردیں گے۔ رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن اپنی اس منصوبہ بندی پر عمل کر سکیں گے یا نہیں، اس کا انحصار سینیٹ میں ان کی جماعت کی اکثریت پر ہو گا، جس کا فیصلہ آئندہ سال جنوری میں ہونے والے انتخابات کریں گے۔