لاہور: (سچ نیوز ) جسٹس یاور علی کی ریٹائرمنٹ کے باعث سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والا خصوصی عدالت کا بینچ چوتھی بار ٹوٹ گیا ہے۔
پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والا خصوصی عدالت کا بینچ ایک بار پھر ٹوٹ گیا ہے، اس مرتبہ بینچ ٹوٹنے کی وجہ جسٹس یاور علی کی ریٹائرمنٹ ہے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس یاور علی 22 اکتوبر کو ریٹائر ہوئے تھے، جسٹس مظہر اکبر اور جسٹس طاہرہ صفدر بھی خصوصی بینچ کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی عدالت ایکٹ کے تحت وزارت قانون نئے بینچ کی تشکیل کیلئے وزارت داخلہ کی سمری پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھے گی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار غداری کیس کی سماعت کیلئے نئے بینچ کی تشکیل کریں گے۔