نیویارک(سچ نیوز) معروف امریکی اداکار نکولس کیج نے شادی کے 4دن بعد ہی اپنی اہلیہ کے ساتھ تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ دی مرر کے مطابق اداکارنے چار دن قبل اپنی دوست ایریکا کوئیکی کے ساتھ شادی کی تھی جس کے ساتھ گزشتہ سال سے اس کا تعلق چلا آ رہا تھا تاہم چار دن بعد ہی اس نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق نکولس اور 34سالہ ایریکا، جو پیشے کے اعتبار سے ایک میک اپ آرٹسٹ ہے، اپریل 2018ءسے اکٹھے رہ رہے تھے۔ ان کی شادی کی تقریب لاس ویگاس میں ہوئی تھی۔ اب نکولس نے ایریکا پر یہ الزام عائد کر دیا ہے کہ ”ایریکا کی نظریں میری دولت پر ہیں اور اس نے پیسے کے لیے ہی مجھ سے شادی کی ہے۔“ 55سالہ نکولس نے کلارک کاﺅنٹی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی ہے۔شادی کے بعد نکولس کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں وہ چیخنے کے انداز میں کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ”میک اپ آرٹسٹ ایریکا میری دولت پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ “ جس جگہ یہ ویڈیو فلمائی گئی وہاں کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ”نکولس اس قدر غصے میں تھا کہ آپے سے باہر ہو رہا تھا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ اس نے بہت زیادہ شراب پی رکھی ہےویڈیو میں نکولس ایریکا کو یہ طعنہ بھی دے رہا ہوتا ہے کہ ”تمہارا سابق بوائے فرینڈ نشئی ہے۔“اس پورے کلپ میں ایریکا صرف ایک ہی فقرہ دہرا رہی ہوتی ہے کہ ”بے بی!میں تمہیں یہ سب کچھ کرنے کے لیے نہیں کہہ رہی ہوں۔“واضح رہے کہ نکولس نے 1995ءمیں پیٹریشا ارکوئیٹ سے پہلی شادی کی۔ اس کے بعد اس نے مزید دو شادیاں کیں اور ایریکا سے یہ اس کی چوتھی شادی تھی۔