بنگلور (سچ نیوز) جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ پوجا گاندھی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں ایک ہوٹل سے اس وقت فرار ہوگئیں جب ان کا بل بہت زیادہ بن گیا، پولیس نے بعد میں انہیں پکڑا تو اداکارہ نے آدھا بل ادا کردیا جبکہ باقی پیسوں کیلئے مہلت مانگ لی۔بھارتی میڈیا کے مطابق تامل، تیلگو اور ملیالم فلموں کی صف اول کی اداکارہ پوجا گا گاندھی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے ایک لگژری ہوٹل میں مقیم تھیں۔ کئی روز تک موج مستی کے بعد جب انہیں یہ پتا لگا کہ ان کا بل ساڑھے 4 لاکھ بھارتی روپے بن چکا ہے تو انہوں نے چپکے سے سامان اٹھایا اور فرار ہوگئیں۔ہوٹل انتظامیہ کو جب اداکارہ کے فرار کی خبر ملی تو انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کردی۔ تحریری شکایت پر جب پولیس نے اداکارہ پوجا گاندھی سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے 2 لاکھ روپے ادا کردیے جبکہ باقی پیسوں کیلئے مہلت مانگ لی۔ ہوٹل انتظامیہ نے انہیں باقی رقم کی ادائیگی کیلئے کچھ روز کی مہلت دے دی ہے۔واضح رہے کہ پوجا گاندھی 2011 میں بھی اس وقت تنازعے میں پھنس گئی تھیں جب ان کا ایک پروڈیوسر کے ساتھ پیسوں کے لین دین پر جھگڑا ہوا تھاجس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرادیے تھے۔