ممبئی(سچ نیوز) بھارتی فلم انڈسٹری میں جنسی ہراس کے خلاف ’می ٹو‘ تحریک کا شور برپا ہے مگر حیرت کی بات ہے کہ اس کے باوجود کچھ شیطان صفت لوگ اپنی حرکات بے باکی سے جاری رکھے ہوئے ہیں، گویا انہیں کوئی ڈر ہی نہیں کہ کبھی ان کے چہرے بھی نے نقاب ہو سکتے ہیں۔بالی وڈ کی معروف شخصیت کمل حسن کی بیٹی اکشارہ حسن کے ساتھ پیش آنے والا افسوسناک واقعہ بالی وڈ میں جنسی ہراس کی تازہ ترین مثال قرار دی جا سکتی ہے۔ ان کی ذاتی نوعیت کی تصاویر سوشل میڈیا پر لیک کر دی گئی ہیں اور اب یہ تصاویر بڑے پیمانے پر عام ہو چکی ہیں۔ اکشارہ نے ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن جا کر اس واقعہ کے متعلق اپنی شکایت درج کروائی ہے اور اُن کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ سے بے حد پریشان اور ذہنی صدمے کی شکار ہیں۔ انہوں نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’’ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ ایک ایسے وقت پر کہ جب لوگوں میں ’می ٹو ‘ تحریک کی وجہ سے آگاہ آرہی ہے ، اس وقت بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو جنسی ہراس کا نشانہ بنانے کیلئے کسی لڑکی کی تصاویر بے باکی کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔ میری انتہائی ذاتی نوعیت کی تصاویر انٹرنیٹ پر لیک کی گئی ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کے یہ حرکت کس نے کی ہے، لیکن مجھے یہ معلوم ہے کہ کسی لڑکی کو اس نوعیت کے جرم کا نشانہ بنانا کسی غلیظ ذہن کا ہی کام ہوسکتا ہے۔ جو لوگ بھی ان تصاویر کو شیئر کر رہے ہیں وہ جنسی ہراس کے جرم میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔ میں نے ممبئی پولیس اور سائبر سیل سے رابطہ کر لیا ہے تاکہ ان لوگوں کا پتہ چلایا جائے جنہوں نے یہ حرکت کی ہے۔ تب تک میں سب سے اپیل کرتی ہوں کہ مجھے ہراساں کرنے کے کام میں شمولیت اختیار کرنا بند کریں۔‘‘