کراچی(سچ نیوز)زحالے سرحدی کا شمار پاکستانی شوبز و ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین ماڈلز میں ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے پرستار ان کی دلکش تصاویر اور پیغامات تو دیکھتے رہتے ہیں لیکن پہلی بار انہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں بتا کر سب کو افسردہ کر دیا ہے۔زحالے نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہائپو تھائیرائیڈازم کے خلاف ایک مسلسل جنگ لڑرہی ہوں۔ مجھے گزشتہ چار سال سے یہ بیماری لاحق ہے۔ اس کی وجہ سے ڈپریشن، قوت مدافعت کی کمزوری، وزن میں اضافے اور تھکاوٹ جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ ہر تین سے چار ماہ بعد مجھے اپنا مکمل چیک اپ کروانا پڑتا ہے۔ چیک اپ کروانے سے بیماری میں آنے والی شدت یا جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کا پتہ چلتا ہے۔ اس قسم کے مسائل سے نمٹنے کے لئے آگاہی ضرور حاصل کریں۔‘‘زحالے سرحدی کی اس سوشل میڈیا پوسٹ نے ان کے پرستاروں کو افسردہ تو کیا ہے مگر بہت متاثر بھی کیا ہے۔ اُن کے پرستار کہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ بہت مضبوط اور پرعزم نظر آتی ہیں، باوجود اس کے کہ وہ ایک تکلیف دہ بیماری میں چار سال سے مبتلا ہیں۔پرستار جہاں ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں تو وہیں ان کی ہمت اور حوصلے کو بھی خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔