کیمیکل استعمال کرکے لاشوں کو مسخ کیا جا رہا،تحقیقات کرائی جائیں:سول سوسائٹی شہیدنوجوان سپردخاک ،لداخ میں نیا قانون نافذ نہیں ہوگا:امت شاہ
سرینگر( سچ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کشمیریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران دھماکے میں زخمی ہونیوالے یاسین احمد راتھر جو گزشتہ روز دم توڑ گئے ان کے جسم سے کیمیائی مواد کے استعمال کا ثبوت ملا ہے ۔مسلح جھڑپوں کے دوران کیمیکل استعمال کرکے لاشوں کو مسخ کیا جا رہا ہے ، سازش کے تحت کیمیکلز سے مکانوں کو تباہ کیا جا رہا ہے تاکہ امدادی کارکنوں کو شہید ،حریت پسندوں اور ان کی لاشو ں کو ناقابل شناخت بنایا جا سکے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سول سو سائٹی کے ارکان نے عالمی برادری پر جلی ہوئی لاشوں بارے حقائق کی چھان بین پر زور دیا ہے ۔ شوپیاں میں رورل ڈویلپمنٹ کے عہدیدار سبزار احمد نیکو کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔ادھر جنوبی کشمیر میں شہید ہونے والے 2 کشمیری نوجوان سپرد خاک کر دیئے گئے ۔ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ لداخ میں بھارت کا نیا ڈومیسائل قانون نافذ نہیں کیا جائے گا۔ بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے جموں و کشمیر میں سرکاری زبانوں میں کشمیری ، ڈوگری اور ہندی کو شامل کرنے کے بل کی منظوری دے دی ۔ادھر بھارتی فوج کے ہاتھوں راجوری کے تین مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل پر بھارتی فوجی کی کورٹ آف انکوائری شروع ہو گئی ۔