ٹوکیو(سچ نیوز)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے جاپان سمیت جی20ممالک سے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔بین الاقوامی میڈیارپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی، جاپان میں منعقدہ جی20سربراہی اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ملالہ یوسف زئی نے جاپان کے وزیراعظم شینزوآبے کو مستقبل میں معاشی استحکام اور عالمی امن کی خاطر اس وقت لڑکیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ وزیراعظم شنزوآبے رواں سال کے جی20کے میزبان کی حییثیت سے جاپان میں لڑکیوں کی تعلیم اور لڑکیوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کی خاطر تمام رہنماوں کو نئی فنڈنگ پر آمادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے توقع ہے کہ وہ جاپان میں میری بہنوں کی مدد کے لیے جی20کی صدارت کو استعمال کرسکتے ہیں، جی20ممالک اور پوری دنیا کو اپنے تمام اہداف تک پہنچنے کے لیے یہ ضروری ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہتر کام کرتی ہے جب لڑکیاں اسکول جاتی ہیں۔یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی اکتوبر 2012میں اسکول وین میں فائرنگ کا نشانہ بنی تھیں جس کے بعد وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں