نئی دہلی (سچ نیوز) بھارت کے الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کی جانب سے فوجیوں کی تصاویر کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ان تصاویر کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی توجہ اس امر کی جانب دلائی ہے کہ بہت سی سیاسی جماعتوں کی جانب سے فوجیوں کی تصاویر کو اپنی انتخابی مہم کے دوران پراپیگنڈا کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ جدید جمہوریت میں فوج غیر سیاسی ہوتی ہے اس لیے اسے سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارتی آرمی چیف یا کسی بھی فوجی کی تصویر کسی اشتہار، پراپیگنڈا یا انتخابی مہم کیلئے استعمال نہیں کرسکتے، اس لیے اس بارے میں احتیاط کا مظاہرہ کیا جائے ، بصورت دیگر سخت ایکشن لیا جائے گا۔خیال رہے کہ 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جسے پاک فضائیہ نے ناکام بنادیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے 27 فروری کو بھارت کو اس کارروائی کا جواب بھی دیا گیا جس میں ان کے 2 طیارے تباہ اور ایک پائلٹ گرفتار ہوگیا تھا۔ بھارتی وزیر اعظم اپنی فضائیہ کی ناکامی کے باوجود انتخابی جلسے کی ہر تقریر میں اس کا بطور کامیابی تذکرہ کرتے ہیں۔