پشاور(سچ نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر موجودہ مالی سال میں ہی شروع کر دی جائے گی،مہمند ڈیم ایک اہم منصوبہ ہے جس کی بدولت زرعی مقاصد کے لئے 1.2ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا ، پشاور ، چارسدہ اور نوشہرہ کے علاقوں میں سیلاب سے بچاؤ میں مددملے گی اور 800میگاواٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق مہمند ڈیم کی سائٹ کے دورے کے دورانچیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا کہ ڈیم کو تعمیراتی کام شروع ہونے کے پانچ سال آٹھ ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا، ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی جس سے آٹھ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ منصوبہ کی فزیبیلٹی سٹڈی، انجینئرنگ ڈیزائن اور ٹینڈر دستاویزات مکمل کی جا چکی ہیں تاہم ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ابھی مختلف تجاویز زیر غور ہیں،منصوبہ اپنی تکمیل پر ملک کی زرعی ، صنعتی ، اقتصادی اور معاشرتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر سے مقامی لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی جب کہ ڈیم کی زد میں آنے والی زمین اور جائیداد کا مناسب معاوضہ ادا کیا جائے گا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پراجیکٹ ایریا میں انفرا اسٹرکچر، صحت، تعلیم اور آب نوشی کے لیے مختلف سکیمیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد مقامی لوگوں نے مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے جس تعاون اور گرم جوشی کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے ۔