لاہور (سچ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما پلوشہ خان نے کہا ہے کہ چشم فلک نے نظارہ دیکھا کہ جب عمران خان نے قومی اسمبلی میں پنجاب کی سب سے بڑی بیماری کاہاتھ تھام لیا،میں دعا کررہی ہوں کہ اپنی زندگی میں ریاست مدینہ دیکھ لوں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دا فرنٹ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہاہے کہ جو پارٹی مضبوط ہوتی ہے تو وہ اس قسم کی باتیں نہیں کرتی جس طرح تحریک انصاف کی جانب سے کی جارہی ہیں،یہ وہی کچھ کررہے ہیں جو ماضی میں دوسرے کرتے رہے ہیں ، چشم فلک نے وہ نظارہ بھی دیکھا جب عمران خان نے قومی اسمبلی میں پنجاب کی سب سے بڑی بیماری کاہاتھ تھام لیا ۔ انہوں نے کہا کہ جن کو آپ سٹیٹس کو کہتے رہے اب ان کی طرف جارہے ہیں،جب سب چور اورڈاکو ہیں توکیاوجہ ہے کہ آج ان سے رابطے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اقتدار کی گیم ہے تو عمران خان کو انتخابی مہم میں کہنا چاہئے تھا کہ میں اقتدار کے لئے ہر ایک سے ہاتھ ملاؤں گا پھر دیکھتے کہ لوگ عمران خان کو کیسے ووٹ دیتے؟ ہم یہ بات پانچ سال تک کہتے رہیں گے اور عوام کو یاد دلاتے رہیں گے ،کل کسی بھی پارٹی کا سپیکر منتخب ہوجائے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، میں دعا کررہی ہوں کہ ہم اپنی زندگی میں ریاست مدینہ دیکھیں ، ایک کروڑ نوکریاں آئیں اور عوام کو 50لاکھ مکان ملیں۔