اسلام آباد (سچ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مقبوضہ وادی میں نہتے ، بیگناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی افواج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کیخلاف بھرپور آواز اٹھائیگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کے تمام اداروں میں میرٹ کو یقینی بنائیگی،ترقی کے حصول کیلئے تمام اراکین کو 100 دنوں کا ایک روڈ میپ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سیاسی جماعتوں کے تمام منتخب اراکین کی مدد سے ملک کو آگے لے جائے گی،پاکستان اپنے ہمسائیوں سمیت خطے کے تمام ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ وادی میں نہتے اور بیگناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی افواج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، منتخب ہونے والی نئی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔