نئی دہلی (سچ نیوز)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا کے سب سے اونچے، سردار پٹیل مجسمے کا افتتاح کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات میں بھارت کی جدوجہد آزادی کے ہیرو سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبا 182 میٹر (600 فٹ)اونچا مجسمہ تعمیر کیا گیا جس پر تقریبا 3 ہزار کروڑ روپے لاگت آئی۔کہا جاتا ہے کہ یہ مجسمہ کم سے کم 30 عظیم الشان یونیورسٹیز کے برابر وزن رکھتا ہے۔اس وقت دنیا کا سب سے بڑا مجسمہ چین میں سپرنگ ٹمپل بدھا کا ہے جس کی اونچائی 138 میٹر ہے۔ سٹیچیو آف یونیٹی کہلانے والے اس مجسمے کومودی کی ذاتی دلچسپی پر مشتمل منصوبے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ولبھ بھائی پٹیل بھارت کے ایک سیاسی و سماجی رہنما تھے، جنہوں نے تحریک آزادء ہند اور بعد از تقسیم ہند بھارت کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت اور دنیا بھر میں انہیں ‘سردار’ کے نام سے جانا جاتا تھا اس لیے آپ سردار ولبھ بھائی پٹیل بھی کہلاتے ہیں۔1947 میں بھارت کی آزادی کے بعد ولبھ بھائی پٹیل ملک کے پہلے ڈپٹی وزیراعظم بنے تھے۔بھارت میں انہیں آئرن مین آف انڈیا کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔