بیجنگ(سچ نیوز) عوامی جمہوریہ چین کے ترجمان وزارت خارجہ لوکانگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک نئی حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور پاک چائنا تعلقات اور اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے مثبت تبصرے کی قدر کرتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل” ہم نیوز“ کے مطابق معمول کی پریس کانفرس کے دوران انہوں نے کہا کہ چینی حکومت نے عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد بھیجی ہے،چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاک چین تعلقات اور سی پیک کے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کا ملک پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تمام امور میں شراکت داری اور دوستانہ تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، اس کے ساتھ ساتھ سی پیک کی تیز رفتار تعمیر و ترقی اور پاک چین تزویراتی شراکت داری (سٹریٹجک پارٹنرشپ) میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔