کابل(سچ نیوز)افغانستان کے ننگرہار صوبہ میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش اور طالبان شدت پسندوں کے مابین ہونے والی پر تشدد اور خونریز لڑائی میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 18طالبان اور داعش کے 3 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان فوج نے ایک بیان میں بتایاکہ تازہ لڑائی خوگیانی ضلع کے زاواعلاقہ میں ہوئی۔عام طورپر ننگرہار افغانستان کے مشرقی علاقہ میں ہونے کے باوجود پرامن علاقہ رہاہے لیکن اسکے کچھ دوردرازعلاقوں میں حالیہ برسوں میں سیکیورٹی کی صورتحال تیزی سے خراب ہوئی ہے ۔طالبان اور داعش کے شدت پسند اس صوبہ کے کچھ ضلعوں میں سرگرم ہیں اور شدت پسندانہ کارروائیوں کو انجام دیتے رہے ہیں تاہم دوسری طرف دونوں میں سے کسی بھی گروپ نے اس جھڑپ کے حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیاہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار طالبان اور داعش کے درمیان خونریز لڑائیاں ہو چکی ہیں جن میں دونوں اطراف سے سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔