کوئٹہ(سچ نیوز) جمہوری وطن پارٹی کے سابق سربراہ اور ممتاز قبائیلی سردار نواب محمد اکبر خان بگٹی کی 12 ویں برسی کل ( 26 اگست کو )نہایت عقیدت و احترام سے منائی جائے گی،جمہوری وطن پارٹی نے بلوچستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کاروباری مراکز بند رکھیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق گورنر بلوچستان اور بگٹی قبیلے کے سربراہ نواب اکبر بگٹی کی 12 ویں برسی اتوار کے روز انتہائی عقیدت کے ساتھ منائی جائے گی ، بلوچستانی عوام گذشتہ 11 سال سےاس روز کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں جبکہ جمہوری وطن پارٹی نے بھی کل اتوار کے روز بلوچستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کل کاروباری مراکز بند رکھیں جبکہ جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور کسی قسم کی بھی اشتعال انگیزی سے گریز کرتے ہوئے پرامن ہڑتال کریں۔واضح رہے کہ نواب اکبر بگٹی ایک محب وطن پاکستانی تھے ،انہیں 2006 میں سابق آمر جنرل(ر) پرویز مشرف کے دور میں قتل کر دیا گیا تھا ،بعد ازاں اکبر بگٹی مرحوم کے قتل کا مقدمہ سابق صدر پرویز مشرف اور دیگر کے خلاف ان کے صاحبزادے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کی درخواست پر 2009 ء میں بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر درج کیا گیا تھا تاہم سات سال بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف،آفتاب شیر پاؤ اورسابق وزیرداخلہ بلوچستان شعیب نوشیروانی کو اس مقدمہ قتل سے بری کر دیا تھا۔