لاہور: (سچ نیوز ) ذرائع کے مطابق فضل الرحمان جاتی امرا سے خالی ہاتھ لوٹے کیونکہ نواز شریف نے فی الحال اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیا ہے، شہباز شریف سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور جءمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان 2 گھنٹے ملاقات ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
نواز شریف نے اے پی سی میں شرکت کو شہباز شریف کی رضامندی سے مشروط کرتے ہوئے فی الحال انکار کر دیا ہے، دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اے پی سی میں اعلیٰ سطح کا وفد بھیج سکتی ہے۔
تاہم نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ چند روز میں ہو گا جو شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، اس سلسلے میں کل قومی اسمبلی آمد پر شہباز شریف سے مشاورت ہو گی۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سے مشاورت کے بعد مولانا کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اصولی اختلاف نہیں، ہم حکومت نہیں گرانا چاہتے۔
دوسری جانب ملاقات بارے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست میں رہنماؤں کی آپس میں گپ شپ ہوتی رہتی ہے، نواز شریف سے ملاقات میں تمام معاملات پر گفتگو ہوئی، اس بات پر اتفاق ہوا کہ موجودہ حالات میں اے پی سی ناگزیر ہے، تاہم نواز شریف نے کہا کہ وہ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اے پی سی میں شرکت کا جواب دیں گے۔