لاہور (سچ نیوز) نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کو ابوظہبی سے پاکستان روانگی کے لئے دوران پرواز جہاز میں ہی سے ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں نیب کی 3 رکنی ٹیم آج ابوظہبی روانہ ہو گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب ٹیم سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز شریف کو گرفتار کرنے کیلئے ان کے وارنٹ گرفتاری لے کر نجی ائیرلائن کے ذریعے صبح ابوظہبی روانہ ہو گی۔ نیب کی ٹیم ابوظہبی میں پاکستانی سفیر سے بھی رابطہ کرے گی اور ابوظہبی ائیرپورٹ سے پاکستان آنے والے نواز شریف کے طیارے میں سوار ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ائیرلائن کو سابق وزیراعظم اور مریم نواز کے وارنٹ گرفتاری دکھائے جائیں گے اور ان کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی حراست میں لے لیا جائے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں کو ایک روز کیلئے اڈیالہ جیل میں بھیجا جائے گا جس کے بعد انہیں اٹک جیل منتقل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے آج (جمعہ کو )لندن سے براستہ یو اے ای شام چھے بجے لاہور پہنچنا ہے جہاں مسلم لیگ ن نے ان کے بھر پور استقبال کی تیاریاں کی ہیں تاہم حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے بھی اس حوالے سے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔