ولنگٹن(سچ نیوز) نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرنے والے سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ کے گھر کی تصاویر بھی منظرعام پر آ گئیں ہیں جہاں رہتے ہوئے اس نے اس ہولناک واردات کی منصوبہ بندی کی۔ دہشت گرد کے ہمسایوں نے میل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے اس سفاک انسان کو تنہائی پسند آدمی قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اس شخص کے گھر کسی مہمان کو آتے نہیں دیکھا۔ وہ ہمسایوں سے بھی کسی طرح کا میل جول نہیں رکھتا تھا اور تنہا رہتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیرینٹ نے یہ گھر گزشتہ دو سال سے 280نیوزی لینڈ ڈالر (تقریباً26ہزار روپے)فی ہفتہ کرائے پر لے رکھا تھا اور اب وہ اس واردات کے بعد اس گھر کو چھوڑنے کا ارادہ رکھتا تھا کیونکہ چند دن قبل ہی میں اس گھر کو دوبارہ کرائے پر دینے کا اشتہار دیا گیا تھا۔ ٹیرینٹ کے ساتھ والے اپارٹمنٹ میں رہنے والے میاں بیوی کا کہنا تھا کہ ”ٹیرینٹ بہت تنہائی پسند تو تھا لیکن ہم کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ اتنی خوفناک واردات کر سکتا ہے۔ مساجد پر اس کے حملے کا سن کر ہمیں شدید جھٹکا لگا۔وہ یہاں اس طریقے سے رہتا رہا کہ کبھی ہمسایوں کی توجہ بھی اس کی طرف مبذول نہیں ہوئی۔“
رپورٹ کے مطابق پولیس نے ٹیرینٹ کے گھر کو جمعہ کے روزے سے گھیرے میں لے رکھا ہے اور اس میاں بیوی کو بھی کل شام تک ان کے گھر میں نہیں جانے دیا گیا۔ٹیرینٹ نے اسی گھر میں بیٹھ کر 73صفحات پر مشتمل وہ تحریر لکھی جس میں اس نے اپنی اس واردات کے متعلق بتایا۔ اس نے لکھا تھا کہ وہ حالیہ سالوں میں مختلف مغربی ممالک میں مسلمانوں پر ہونے والے حملوں سے بہت متاثر ہے اور انہی سے اسے اس واردات کی ترغیب ملی ہے۔