ولنگٹن(سچ نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دومساجد پر حملے کے بعد ان کی تعمیر و مرمت کا کام دنوں میں مکمل ہو گیا اور انہیں نمازیوں کے لیے دوبارہ تیار کر دیا گیا۔ آپ یہ سن کر بے اختیار عش عش کر اٹھیں گے کہ ان مساجد کی تعمیر و مرمت کا کام پولیس اور سرکاری صفائی عملے نے کیا۔ اس کے علاوہ حکام نے مساجد کی صفائی اور تعمیرومرمت کے لیے ٹھیکیداروں کی خدمات بھی حاصل کیں۔ اس کے لیے پولیس آفیسرز ، صفائی عملہ اور ٹھیکے لینے والی کمپنیوں کے ملازمین اپنی ڈیوٹی سے کئی گھنٹے زائد وقت تک کام کرتے رہے اور ہفتوں کا کام دنوں میں کرکے مساجد کو نمازیوں کو لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مساجد کی تزئین و آرائش کے لیے پینٹرز، پلاسٹررز، قالین بچھانے والوں اور صفائی کرنے والے نے دن رات کام کیا۔ ان دونوں مساجد پر اب بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔ اس حوالے سے کرائسٹ چرچ پولیس کے آفیسر ڈیریل سوینے کا کہنا تھا کہ ”ہم چاہتے ہیں کہ کرائسٹ چرچ کے شہری خود کو محفوظ محسوس کریں اور معمول کی زندگی گزاریں جیسے اس سانحے سے پہلے گزار رہے تھے۔ “