ولنگٹن(سچ نیوز) کرائسٹ چرچ کے سانحے پر نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کی طرف سے جس طرح مسلمانوں کے ساتھ بے مثال اظہار ہمدردی کیا گیا ہے اس پر پوری دنیا انہیں تحسین کی نگاہوں سے دیکھ رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کے عام شہریوں کے بعد اب نیوزی لینڈ کا سب سے بڑا منظم جرائم پیشہ گروہ بھی میدان میں آ گیا ہے۔ دی مرر کے مطابق اس گینگ کا نام مونگریل موب ویکاٹو (Mongrel Mob Waikato)ہے جو ’بائیکر گینگ‘ کے نام سے بھی مشہور ہے۔یہ گینگ نیوزی لینڈ میں خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس گینگ کے درجنوںاراکین گزشتہ روز کرائسٹ چرچ کی مساجد کے باہر اکٹھے ہو گئے اور کہا کہ وہ نماز کے وقت اپنے مسلمان بھائیوں کی حفاظت کریں گے۔رپورٹ کے مطابق بائیکر گینگ اس قدر منظم اور بڑا گینگ ہے کہ یہ پورے نیوزی لینڈ میں پھیلا ہوا ہے اور اس کی ملک بھر میں 30شاخیں ہیں۔گینگ کے صدر سونی فیٹو نے اس موقع پر مسلمانوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں گلے لگایا۔ اس کا کہنا تھا کہ ”ہم اپنے مسلمان بھائی بہنوں کی ہر طرح سے مدد کریں اور جب تک انہیں ہماری ضرورت ہو گی ہم ان کی حفاظت کے لیے موجود رہیں گے۔ مجھے ہمارے گینگ کے ایک رکن نے بتایا تھا کہ کرائسٹ چرچ کے مسلمان نماز جمعہ کی ادائیگی سے خوفزدہ ہیں۔ جس پر ہم نے جمعہ کے روز مساجد کی حفاظت کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ آئندہ کوئی ایسی واردات نہ ہو۔ ہم اپنے مسلمان بھائیوں کو ایسا پرامن ماحول مہیا کریں گے کہ وہ بے خوف ہو کر اپنی عبادت کر سکیں۔“