ولنگٹن(سچ نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سفاک سفید فام دہشت گرد کو جس جیل میں رکھا جا رہا ہے، اب اس کی تفصیلات اور اندرونی تصاویر سامنے آ گئی ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق اس جیل کے سیل 17کلوگرام وزنی کنکریٹ کے بلاکس سے بنائے گئے ہیں۔ جس سیل میں اس دہشت گرد کو رکھا گیا ہے اس کی منظرعام پر آنے والی اندرونی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس میں ایک ہیوی ڈیوٹی سٹیل بیڈ لگا ہوا ہے جبکہ ایک ٹوائلٹ ہے اور یہ سب کچھ ایسے انداز میں بنایا گیا ہے کہ دہشت گرد ہمہ وقت گارڈز کی نظروں میں رہے گا۔رپورٹ کے مطابق دہشت گرد کو اس سیل میں قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ سیل میں روشنی کے لیے ایک کھڑکی بھی لگی ہوئی ہے جس کی بیرونی طرف لوہے کی مضبوط سلاخیں لگائی گئی ہیں۔ اس کھڑکی کے اوپر چھت کے قریب ایک آئینہ نصب کیا گیا ہے۔ اس آئینے کے ذریعے گارڈز ٹوائلٹ کے اندر بھی دیکھ سکتے ہیں۔جیل کے ڈائریکٹر اینڈی لینگلے نے بتایا ہے کہ ”یہ ایک ہائی سکیورٹی جیل ہے جس میں قیدی دن میں 20گھنٹے اپنے سیلز میں گزارتے ہیں۔“ رپورٹ کے مطابق یہ جیل نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے مضافات میں دیہی علاقے پیریموریمو (Paremoremo)میں واقع ہے جس کی مناسب سے اسے پیریموریمو جیل یا آکلینڈ جیل کہا جاتا ہے۔اس جیل میں 681قیدیوں کو رکھنے کی جگہ ہے۔ یہ نیوزی لینڈ کی وہ جیل ہے جس میں انتہائی خطرناک قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔