نیویارک(سچ نیوز)عالمی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ قطری حکومت امریکا کے نیویارک شہر میں قائم بین الاقوامی ہوائی اڈے کی خاتون ملازمہ کو مسلسل5سال تک رشوت دیتی رہی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق نیویارک کی کینیڈی ایئرپورٹ کی انتظامیہ میں شامل مارلین میٹزی کو قطر کی طرف سے اس لیے رشوت دی گئی کہ وہ قطری طیاروں کو رات کے وقت اقوام متحدہ کے جہازوں کے لیے مختص جگہ پر کھڑے کرنے کی اجازت دیں۔ یہ سلسلہ مسلسل 5سال تک جاری رہا ہے۔نیویارک ریاست کے پراسیکیوٹر کی طرف سے 54 سالہ میٹزی پر الزام عاید کیا گیا کہ اس نے رقوم اور بعض دیگر قیمتی چیزیں وصول کر کے ہوائی اڈے کے سرکاری پروٹوکول اور ضابطے کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔اسی کیس میں اقوام متحدہ میں قطری ہائی کمیشن کے ایک سفری رابطہ کار 58 سالہ جوزف جوریہ پر الزام ہے کہ وہ مارلین میٹزی تک کھانا پہنچاتا اور ٹرانسپورٹ کے لیے لگڑری کاریں مہیا کرتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اس نے ایک قیمتی گھڑی بھی اسے رشوت کے طور پر دی تھی۔