اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم متحدہ عرب امارات اور ملائشیا کے دوروں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعے کی صبح ساڑھے 10 بجے وزیراعظم آفس میں ہو گا۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسد عمر متحدہ عرب امارات اور ملائشیا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب سے ملنے والی گرانٹ کے بعد کی صورتحال اور 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعظم وزراتوں کو دیے گئے اہداف اور وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیں گے۔
وفاقی کابینہ مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی منظوری دے گی۔ کابینہ کے اجلاس میں مختلف اداروں میں تقرریوں پر بھی غور کیا جائے گا۔