لاہور(سچ نیوز )وزیراعظم عمران خان سعودی عرب ، چین اور دبئی کے بعد آج ملائیشیاءکے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے اور دوست ملک میں عمران خان کے استقبال کیلئے تیاریاں بھی شروع کر دی گئیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اکثر اپنی تقاریر میں ملائیشیاءکے وزیراعظم مہاتیر محمد کی مثالیں دیتے ہوئے ان کا ذکر کرتے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ وہ انہیں بے حد پسند کرتے ہیں اور اس محبت کا جواب بھی مہاتیر محمد نے محبت سے دیتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم کے دورے کو یادگار بنانے کیلئے تیاریاں شروع کروا دی ہیں ۔ملائیشیاءکی سڑکوں اور اہم شاہراہوں کو پاکستان کے پرچموں سے سجانے کا عمل حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان آج دوپہر اپنے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے ۔اس دوران ملائیشیا سے تجارت، ماہرین کے تبادلوں سمیت مختلف شعبوں پر بات چیت کی جائے گی جبکہ اس دورے کے دوران پاکستانی وفد میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر ، مشیر تجارت سمیت سینئر حکام وزیر اعظم کے ہمراہ ہونگے۔ عمران خان کی آمد سے قبل ہونے والی تیاریوں کی تصاویر اور ویڈیو ز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں ۔