لاہور (سچ نیوز)تحریک انصاف کے نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہاہے کہ جب میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں گورنر پنجاب بنا تو مجھے کام کا موقع نہیں ملتا تھا لیکن اب صورتحال ویسی نہیں ہے بلکہ فیصلے مشاور ت سے کئے جائیں گے ۔پنجاب میں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کا فیصلہ کرنے میں مشکلات ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہو ئے چودھری محمد سرور نے کہاہے کہ جب میں مسلم لیگ ن کی حکومت میں گورنر پنجاب بنا تھا تو مجھے بہت سے مسائل تھے اور مجھے کام کرنے کا موقع نہیں ملتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا گورنر ہونا پنجاب اور ملک کے لئے بہتر ہوگا کیونکہ اب جو بھی فیصلے ہونگے وہ مشاورت سے ہونگے ۔ میں تمام لوگوں کو ساتھ لیکر چلوں گا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت دوتین ایشو ز ہیں ۔ پہلے ہمارا فوکس وزیر اعظم ، سپیکر اورڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی پر ہے ۔ عمران خان جو فیصلہ کرتے ہیں میرٹ پر کرتے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صورتحال پنجاب سے مختلف ہے ۔ عمران خان کے پی کے میں سیاست کو جانتے ہیں اس لئے انہوں نے سپیکر کے پی اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کردیاہے ۔ پنجاب میں فیصلہ کرنے میں مشکلات ہیں لیکن یہ بات ایسی نہیں ہے جیسا ظاہر کیا جارہاہے ۔ گروپ بندی والی بات میڈیا میں زیادہ ہے اور حقیقت میں نہ ہونے کے برابر ہے ۔ پنجاب ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے اور الیکشن سے پہلے بھی چیلنج تھا ۔اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے تحریک انصاف نے میری گورنر شپ کا فیصلہ کیاہے ۔ عوام تبدیلی دیکھیں گے اور تحریک انصاف پہلے بھی مقبول جماعت بن کر ابھرے گی ۔