لاہور (سچ نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھر ی نے کہا ہے کہ آج صبح 8بجے سے لیکر شام 6بجے تک لاہور ، اسلام آباد ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔تفصیلات کے مطابق فواد چودھری نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہاہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، صوبائی دارالحکومت لاہور ، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موبائل فون سروس بند رہے گی ۔واضح رہے کہ آسیہ مسیح کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک میں جاری موجودہ صورتحال کے پیش نظر گزشتہ دو روز سے ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موبائل سروس معطل کی جاتی رہی ہے لیکن اب حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر چاربڑے شہروں میں موبائل سروس بند کرنے کا اعلان کیاگیاہے۔ذرائع کے مطابق ان آٹھ گھنٹوں میں دھرنا دینے والے مظاہرین کومنتشر کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کیا جا سکتاہے ۔