ولنگٹن(سچ نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے بعد ایک بھارتی فلم نیوزی لینڈ کے تمام سنیما گھروں سے ہٹا دی گئی ہے۔ ڈی این اے انڈیا کے مطابق اس فلم کا نام ’ہوٹل ممبئی‘ ہے جس برطانوی نژاد بھارتی اداکار دیو پٹیل مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے علاوہ اس فلم میں انوپم کھیر بھی شامل ہیں اور ایرمی ہیمر، جیسن آئزک سمیت کئی برطانوی اداکاروں نے بھی اس میں کام کیا ہے، جبکہ اس کے ہدایت کار آسٹریلوی فلم ساز انتھونی میرس ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ فلم 2008ءمیں ہونے والے ممبئی حملوں کے پس منظر میں بنائی گئی ہے، جن میں 160افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فلم میں ممبئی کے تاج ہوٹل کے عملے کو دکھایا گیا ہے کہ وہ کیسے اپنی جانیں داﺅ پر لگا کر ہوٹل میں ٹھہرے مہمانوں کی جانیں بچاتے ہیں۔ نیوزی لینڈ ہیرالڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’آئیکون فلم ڈسٹری بیوشن‘ کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے فلم کو نیوزی لینڈ کے تمام سنیما گھروں سے ہٹائے جانے کا اعلان کیا ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ میں فلم کی تمام تشہیری سرگرمیاں بھی روک دی گئی ہیں۔