منیلا(سچ نیوز) ویت نام کی 23سالہ ماڈل نے ’مِس اَرتھ2018ء ‘ کا مقابلہ جیت کر تاج پہن لیا ہے، جس نے انسانوں کی موجودہ پیڑھی کو درپیش سب سے بڑے مسئلے کے سوال کا ایسا جواب دیا کہ ججوں نے اسے فاتح قرار دے دیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ ماحولیاتی آگہی اور زمین و انسانیت کو درپیش خطرات کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے ماڈلز شرکت کرتی ہیں۔ اس سال بھی مختلف ممالک سے 86ماڈلز نے اس مقابلے میں شرکت کی اور اپنے ممالک کی نمائندگی کی۔مقابلے کے ججوں نے تمام ماڈلز سے سوال پوچھا کہ ’’نوجوان ہونے کے ناتے آپ کے نزدیک آج کل کی نوجوان نسل کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟‘‘ ویت نام کی 23سالہ فاتح ماڈل فوانگ کھنہ گوئن نے اس سوال کا جواب دیا کہ ’’آج کل کی نوجوان نسل کا سب سے بڑا مسئلہ جہالت ہے۔ نوجوان نسل کے پاس جدید ترین ٹیکنالوجی ہے لیکن ان کی اکثریت اس کا استعمال صرف سوشل میڈیا کے لیے ہی کر رہی ہے اور یہ نسل صرف اپنی ہی پروا کرتی ہے۔ ‘‘فوانگ گوئن کامزید کہنا تھا کہ’’آج کی نوجوان نسل کو خودغرضی ترک کرکے دوسروں کی پروا بھی کرنی چاہیے اور اپنا وقت یہ سوچنے اور محسوس کرنے میں گزارنا چاہیے ہ
ہماری زمین کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ ہمارے چھوٹے چھوٹے کام بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ اگر کروڑوں لوگ مل کر یہی چھوٹے چھوٹے کام کریں تو دنیا بدل سکتی ہے۔‘‘اس متاثر کن جواب پر ججوں نے فوانگ گوئن کو مقابلے کی فاتح قرار دے دیا۔ بعدازاں ’مس اَرتھ 2017ء‘ کیرن ایباسکو نے اسے ’مس ارتھ‘ کا تاج پہنایا۔رواں سال اس مقابلے کا انعقاد فلپائن کے شہر پیسے (Pasay)میں ہوا۔