پٹنہ (سچ نیوز) بھارتی ریاست بہار میں ٹرائل روم میں کپڑے تبدیل کرتی لڑکی کو دکاندار نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کی ویڈیو بنالی۔ لڑکی کے گھر والوں کو جب معاملے کا پتا چلا تو انہوں نے متاثرہ لڑکی کو ہی گھر سے نکال دیا۔بھارتی ریاست بہار کے ضلع کشن گنج کے کھگڑا بازار میں ایک لڑکی کپڑے خریدنے گئی۔ لڑکی ایک سوٹ پسند کرکے دکان کے ٹرائل روم میں گئی تو پیچھے سے دکاندار بھی پہنچ گیااور اس کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا۔ دکاندار نے لڑکی کو بلیک میل کرنے کیلئے ویڈیو بھی بنالی اور بعد میں بھی اسے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔دکاندار سے تنگ آئی لڑکی نے 7 ماہ بعد اپنے اہلخانہ کو ساری کہانی سنائی تو انہوں نے اسے حوصلہ دینے کی بجائے گھر سے ہی نکال دیا۔ بے گھر متاثرہ لڑکی کو مذکورہ دکاندار نے ایک کرائے کے گھر میں تین ماہ تک رکھا اور اس دوران بھی اس کے ساتھ زیادتی کرتا رہا۔ 10 ماہ کی مسلسل زیادتی کے بعد دکاندار نے لڑکی کو گھر سے نکال دیا اور اس سے ویڈیو کے عوض 50 ہزار روپے کا تقاضہ کرنے لگا۔ متاثرہ لڑکی نے اندراج مقدمہ کیلئے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔