نئی دہلی (سچ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ” عمران خان کے وزیراعظم بننے پر میں نے انہیں ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی جس دوران میں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت نے بہت لڑلیا، پاکستان نے کچھ نہیں پایا، آپ کھیل کی دنیا سے اقتدار میں آئے ہیں ، آئیں مل کر غربت اور دیگر مسائل کیخلاف لڑیں، آگے سے عمران خان نے کہاکہ مودی جی میں پٹھان کا بچہ ہوں، سچا بولتاہوں اور سچا کرتا ہوں، آج وہ وزیراعظم ہیں تو میں دیکھتا ہوں کہ اپنے لفظوں پر کھڑا ہوتے ہیں یا نہیں“۔جیونیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹررمیش کمار کمبھ کے میلے میں شرکت کی دعوت پربھارت گئے جہاں انہوں نے مودی ، سشماسوراج اور سابق آرمی چیف کیساتھ بھی ملاقات کی اور اسے لوگ بیک ڈور ڈپلومیسی کا نام بھی دے رہے ہیں جبکہ خود ڈاکٹررمیش کمار کاکہناتھاکہ مودی جی کو وزیراعظم عمران خان کا پیغام دیاہے اور واضح کیا ہے کہ پاکستان پلوامہ حملے میں ملوث نہیں، آئندہ دنوں میں بھارتی وزیراعظم کے لہجے میں تبدیلی اور ان کی طرف سے مثبت پیغام آئے گاجس کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندرا مودی کے لہجے میں تبدیلی دیکھی گئی۔