ابوظہبی:(سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید النہیان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری، دو طرفہ تعلقات کو طویل مدت سٹرٹیجک تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کر لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعلقات کو طویل مدت سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے تاریخی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے فوری اقدامات پر اتفاق کیا، ملاقات میں دو طرفہ علاقائی اور عالمی معاملات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق امارات کی قیادت اور وزیراعظم پاکستان نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے جامع لائحہ عمل پر بنانے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے یو اے ای کے اعلیٰ سطح اقتصادی وفد کے دورہ پاکستان کے نتائج پر اطیمنان کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں نے تربیت، مشترکہ مشقوں، دفاعی پیداوار اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر اطیمنان کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے زیر غور معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت پر بھی اتفاق کیا، دونوں ملکوں کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس آئندہ سال فروری میں ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ رواداری اور عدم مداخلت سے پائیدار امن واستحکام ممکن ہے۔ اس موقع پر انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی قربانیاں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کے بانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے سچے دوست تھے
وزیراعظم عمران خان نے سیاحت کے فروغ، گورننس کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال، رواداری کے فروغ اور اقتصادی ترقی میں یو اے ای کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے یو اے ای کی قیادت کے عزم کا شکریہ ادا کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی قیادت کو اپنی حکمت عملی کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان امارات کے دورے پر پہنچے تو ائیرپورٹ پر عرب امارات کے وزیر مملکت جابر بن سلطان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، صدارتی محل پہنچنے پر انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر کے علاوہ وزیر توانائی، وزیر پٹرولیم اور مشیر برائے تجارت بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
ولی عہد شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان نے صدارتی محل آمد پر ان کو خوش آمدید کہا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد سے تجارت کے فروغ، دو طرفہ تعلقات میں اضافے، علاقائی اور عالمی امور سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات کو اہم قرار دیا جا رہا ہے اور پاکستان کو ادھار تیل سمیت پیکج ملنے کا بھی امکان ہے۔
یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے۔