کویت (عرفان شفیق) پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر نے کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے پر عمران خان اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے پر وہ مسلم لیگ ن کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں انتخابی عمل کے دوران ہونے والی تلخیاں بھلا کر خدمت کا عمل شروع کریں،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی جمہوری نظام کا اہم حصہ ہے، اس لئے دونوں بڑی جماعتیں قوت برداشت کا مظاہرہ کریں اور سیاست کیلئے اگلے انتخابات کا انتظار کریں۔
حافظ محمد شبیر نے مزید کہاکہ سندھ میں واضح اکثریت سے کامیابی پر وہ پیپلز پارٹی کے جیتنے والے امیدواروں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ پاکستان میں مسلسل تین اسمبلیوں نے معیاد پوری کی،جمہوری نظام جتنا مضبوط ہو گا ملک کیلئے اتنا ہی بہتر ہو گا،وہ امید کرتے ہیں کہ سیاستدانوں نے قوم سے جو وعدے کئےہیں، انہیں پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ان انتخابات میں ہر کوئی باہر نکلا اور ووٹ کا حق استعمال کیا ،جن لوگوں نے ملک کو لوٹا، ان کے لئے قوم نے بڑا اچھا پیغام دے دیا، اب ملک اور قوم کے دفاع کی ذمہ داری صرف فوج کا ہی کام نہیں اس کیلئے ملک وقوم اور عوام کو باہر نکلنا ہو گا ،انہوں نے مزید کہاکہ سب ٹھیک چل رہا تھا مگر نتائج کی ڈلیوری میں بے ضابطگیوں نے دنیا کو غلط پیغام دیا ہے اور دنیا میں ان انتخابات شکوک و شبہات نے جنم لیا ہے نتائج میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے تھی۔یہ خوش آئند ہے کہ تمام علاقوں سے لوگ نکلے اور بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ انتخابی عمل مکمل ہوا ،یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے باہر نکلے۔بوڑھے اور معذور لوگ بھی نکلے، خاص طور پر خواتین نے اہم کردار ادا کیا۔جن لوگوں نے بھی یہ الیکشن جیتا ہے وہ ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، ان کے لئے پیغام ہے کہ جب وہ اسمبلی میں جائیں تو یہ یاد رکھیں کہ قوم نے انہیں کس مقصد کیلئے وہاں بھیجا ہے۔