اسلام آباد: (سچ نیوز) عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے دیہات میں غربت نے ڈیرا ڈال رکھا ہے، پاکستان میں غربت کی شرح گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران 35 فیصد کم ہوئی، تاہم دیہات میں غربت شہروں سے دوگنا زیادہ ہے۔
پاکستان کی 30 فیصد آبادی غربت کا شکار، بلوچستان میں غربت سب سے زیادہ، پنجاب میں سب سے کم، 80 فیصد غریب پاکستانی دیہات میں رہائش پذیر، عالمی بینک نے پاکستان میں غربت سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان ملک کا سب سے غریب صوبہ ہے جہاں معاشی بدحالی کی شرح 42.2 فیصد ہے، سندھ میں غربت کی شرح 34.2 فیصد، خیبر پختونخوا میں 27 اور پنجاب میں 25 فیصد ہے۔ بلوچستان کا ضلع واشک غریب ترین جبکہ ایبٹ آباد پاکستان کا امیر ترین ضلع ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے شہری علاقوں میں غربت کی شرح 18 فیصد، دیہات میں 36 فیصد ہے۔ بلوچستان میں 53 فیصد، خیبر پختونخوا میں 49 فیصد بچےغذائی قلت کا شکار ہیں، سندھ میں 47 فیصد اور پنجاب میں 38 فیصد بچوں کو بھی پوری خوراک نہیں ملتی۔