اسلام آباد (سچ نیوز)پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم عمران خان آ ج عہد ے کا حلف اٹھائیں گے ،گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخابات میں عمران خان 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل شہبازشریف نے 96ووٹ حاصل کئے ۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں حلف کی تقریب کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی جب کہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز کے علاوہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق حلف برداری تقریب کیلئے تینوں سروسز چیفس اور پارلیمانی رہنماوں کو دعوت نامے جاری کردیے گئے جبکہ عمران خان کے قریبی دوستوں کے علاوہ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ تقریب کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔
حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کے بعد کابینہ سیکرٹری صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کریں گے۔
تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔حلف برداری کے بعد وزیراعظم حلف کی دستاویز پر دستخط بھی کریں گے۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔