لاہور: (سچ نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ورلڈ کپ کے لئے حکومتی محتاجی ختم ہو گئی، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے 2020ء تک مینز اور ویمن ہاکی ٹیموں کے بیرون ملک اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کر دیا۔
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا ہاکی فیڈریشن کے ساتھ 2020ء تک معاہدہ طے پا گیا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا کہ ہاکی لیگ میں پشاور زلمی بھی اپنا کردار ادا کرے گی، انہوں نے کہا کہ مینز اور ویمن کے ہر ایونٹ میں فیڈریشن کو سپورٹ کریں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد کھوکھر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نے ایک روپیہ بھی ضائع نہیں کیا، پانچ سالوں میں حکومت کی جانب سے پی ایچ ایف کو 41 کروڑ روپے ملے، حکومت چاہے تو آڈٹ بھی کروا سکتی ہے، سندھ حکومت نے اب تک ہمیں 12 کروڑ روپے دئیے ہیں۔