بیجنگ(سچ نیوز)پاک بھارت وزارئے اعظم کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے بیانات کے بعد پاکستان کے برادر ہمسایہ ملک چین نے بھی میدان میں آتے ہوئے ان بیانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہوہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور تعلقات کو بہتر بنانے کی خاطر مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
نجی ٹی وی چینل” جیو نیوز“ کے مطابق امریکہ کے بعد پاکستان کے ہمسایہ ملک چین نے بھی پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے حوالے سے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات کی بہتری سے متعلق بیانات کاخیرمقدم کرتے ہیں،پاکستان اوربھارت جنوبی ایشیاکے اہم ممالک ہیں،بحیثیت پڑوسی چین دونوں ممالک کےدرمیان مذاکرات کی حمایت کرتاہے،دونوں ممالک باہمی اعتمادبڑھاکراختلافات کاحل نکالیں،چین پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے کرداراداکرنے کو تیارہے۔عوامی جمہوریہ چین کے ترجمان وزارت خارجہ لی کانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا علاقے کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے نہایت اہم ہے، پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں اور ان دونوں ملکوں کا مشترکہ ہمسایہ ملک ہونےکے حوالے سے چین پاکستان اور بھارت کے درمیان مزاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے، باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور اختلافات ختم کرنے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کو اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے راہنماؤں نے حال ہی میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور چین دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔دوسری جانب اس سے قبل امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی وزیراعظم عمران خان کے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بیان کا خیر مقدم کیا تھا ،جبکہ گزشتہ روز چینی ترجمان نے کہاتھا کہ ان کا ملک نئی حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، سی پیک کی تیز رفتار تعمیر و ترقی اور پاک چین تزویراتی شراکت داری (سٹریٹجک پارٹنرشپ) میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی وزیر اعظم نرندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام ایک خط میں کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مثبت اور بامعنی رابطے بڑھانے کیلئے تیار ہے۔