اسلام آباد (سچ نیوز)سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ نے کہا ہے کہ چائنہ کے ساتھ مقامی کرنسی میں تجارت سے پاکستان کا کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہوگا ، پاک چین مذاکرات اب وزیر خارجہ کی سطح پر ہونگے جو پہلے نچلی سطح پر ہوتے تھے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”آج کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان شاہ نے کہاکہ پاک چین تعاون کی بنیاد بہت پرانی اور یہ چین نے پاکستان کویاد دلایا ہے کہ ہم ایک سمت پر چل رہے ہیں اور اس پر چلنے دیا جائے ، اس سمت پر چلنے میں معیشت سمیت تمام چیزیں آجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کا چین کے ساتھ جوکرنسی کا معاہدہ ہے اس سے کرنٹ اکاوئنٹ خسارہ کم ہوگا ،چین نے اس حوالے سے ایک پیش رفت کی ہے کہ اب پاکستان اور چین کے درمیان وزیر خارجہ کی سطح پر مذاکرات ہونگے جو اس سے پہلے نچلی سطح پر ہوتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر پر جودباﺅ آرہاہے وہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے کی وجہ سے ہے ۔ اس وقت چائنہ نے ورلڈ بینک کوبھی سی پیک پر رپورٹ دینے کیلئے کہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ کوئی دنیا سے الگ تھلک نہیں جارہاہے ۔ اس وقت پاکستان کے سٹاک ایکسچینج میں چائنہ کی سرمایہ کاری آچکی ہے ، چائنہ نے پاکستان کو یہ بھی اشارہ دیدیاہے کہ اگر پاکستان کو کہیں ضرورت پڑے گی تو ہم وہاں موجود ہیں۔